کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کاروں کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، پولیس نے قتل میں ملوث چار سہولت کاروں حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو پیش کرتے ہوئے ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے چاروں ملزمان کو ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل کرکےچالان 18مارچ کو پیش کیا جائے۔
اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو کھاردار کے علاقے میں کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 اہم ملزمان گرفتار
ملزمان علی رجا عابدی کے قتل میں ملنے والی رقم اور اسلحے کی ترسیل میں بھی شامل تھے، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا، عدالت سے ملزمان کے14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 25دسمبر2018کی رات کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔
بعد ازاں سیکورٹی اداروں نے ان کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا، اہم ملزم ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے حراست میں لیا گیا، اس کی نشان دہی پر مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔