لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور گلوکار ابرار الحق نے کوہ پیما علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان کردیا۔
ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق جو کہ سماجی کاموں کے باعث خاصی شہرت رکھتے ہیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کوہ پیما علی سدپارہ کے مشن کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں گلوکار ابرار الحق نے علی سدپارہ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ تحریر کیا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے گاؤں میں اسکول بنوانا چاہتے تھے۔
I have just heard the news that Muhammad Ali Sadpara wanted to build a school in his village after his mission therefore we have decided to fulfil his dream and Inshahallah a school will be built in the village of our hero in his memory.#muhammadalisadpara pic.twitter.com/0A2X6eJOZg
— Abrar Ul Haq (@AbrarUlHaqPK) February 15, 2021
انہوں نے اعلان کیا کہ علی سدپارہ کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ہم نے ان کے گاؤں میں اسکول بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انشااللہ جلد ہی ہم اپنے ہیرو کی یاد میں ان کے گاؤں میں اسکول بنائیں گے۔
خیال رہے کہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے علی سدپارہ اور دو ساتھی کوہ پیماؤں کا نو روز بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
علی سدپارہ اور ساتھی کوہ پیماؤں کی تلاش میں ناصرف جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے بلکہ پاک فوج نے ہیلی کاپٹرز کے علاوہ ایف 16 طیاروں سے بھی کے ٹو کے علاقے کی سرچنگ میں مدد فراہم کی ہے۔
ان کی تلاش میں آئس لینڈ کی خلائی ایجنسی نے سٹیلائٹ کی جدید ٹیکنالوجی سے علاقے کی تصاویر بنائیں اور زمینی سرچ آپریشن بھی کیا گیا لیکن علی سدپارہ اور ساتھیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔