لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم خرید لی۔ علی ترین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں جنوبی پنجاب کی ٹیم کھیلے گی، جنوبی پنجاب والوں کے لیے خوشخبری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کی بڈنگ لاہور میں ہوئی جہاں علی جہانگیر ترین نے چھٹی ٹیم خرید لی۔
علی ترین کو 7 سال کے لیے پی ایس ایل کی چھٹی فرنچائز کے حقوق دیے گئے ہیں۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں جنوبی پنجاب کی ٹیم کھیلے گی، جنوبی پنجاب والوں کے لیے خوشخبری ہے۔ جنوبی پنجاب کے ہر ضلع سے ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کو عروج پر پہنچائیں گے۔ ٹیم کا نام ملتان سلطان برقرار رکھنے کا سوچ رہے ہیں۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ پر اعتماد ہے وہ کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائیں گے۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا ویمن ٹورنمنٹ بھی ہونا چاہیئے، دنیا کو پاکستان کا ٹیلنٹ دکھائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔
پی ایس ایل فور کے 4 میچز پہلی مرتبہ ابو ظہبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔