پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ اور عارف لوہار قذافی اسٹیڈیم میں پرفارم کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق 7 فروری کو قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کو ریکارڈ 117 دنوں میں مکمل کرنے کے بعد شاندار افتتاحی تقریب منانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
تقریب کے دوران شائقین کرکٹ لائیو گانے، شاندار آتش بازی اور منفرد لائٹ شو سے لطف اندوز ہوسکیں گے جس کے لیے داخلہ مفت کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شرکت کریں گے اور نئے تعمیر شدہ پنڈل کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پوری ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کرکٹ شائقین کو بہترین ممکنہ تجربہ پیش کرنے پر فخر ہے اتنے کم وقت میں اس ٹیڈیم کی تبدیلی میں ہماری پوری ٹیم کی محنت اور لگن شامل ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 8 اور 10 فروری کو پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دو میچز ہوں گے۔
اس کے بعد لاہور چیمپئنز ٹرافی کے چار میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں دوسرا سیمی فائنل بھی شامل ہے جو پانچ مارش کو شیڈول ہے۔
اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نہیں پہنچتا تو لاہور کا قذافی اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی بھی کرسکتا ہے۔