کراچی: پاکستانی گلوکار و اداکار اور میوزک کمپوزر علی ظفر نے کہا ہے کہ شریف آدمی والی زندگی بہت گزار لی اب سب میرا نیا روپ دیکھیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں میزبان وسیم بادامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’بھائی پیغام بھیجتا نہیں اب بھائی پیغام بھجواتا ہے‘۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ شریف آدمی کو چھیڑا جائے تو وہ شرافت کی زندگی چھوڑ دیتا ہے، اب میرا نیا (بھائی) روپ دیکھیں گے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ جو بات شاعری میں کی جائے اس سے بہتر اظہار ہو نہیں سکتا، جب میلہ لگتا ہے تو آپ یا تو اس میں کھو جاتے ہیں یا پھر میلہ اپنے نام کرلیتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ علی عظمت کی ہمیشہ سے عزت کرتا ہوں کیونکہ وہ ہمارے اسٹار ہیں، انہوں نے ڈانس کی ویڈیو بھیجنے کا اعلان تو کیا مگر مجھے موصول نہیں ہوئی اگر وہ بھی بھیج دیتے تو اچھا تھا۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہماری میوزک انڈسٹری بہت چھوٹی ہے جہاں ہم سب بھائیوں کی طرح رہتے ہیں، بھائیوں میں بھی تھوڑی بہت لڑائی ہوجاتی ہے مگر ہم دل میں کسی کی کوئی بات دل میں نہیں رکھتے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ ’گانے پہلے سےفضاؤں میں تیار ہوتے ہیں بس آپ نے انہیں پکڑنا ہوتاہے، وقت آ گیا تو میں نے’’ میلہ لوٹ لیا پکڑ لیا‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: میلہ لوٹ لیا، علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا ترانا ریلیزکردیا
اپنے ماضی پر گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ ’ایک بڑے ہوٹل کی لابی میں بیٹھ کر پینٹنگ کرتا تھا، جس سے 25 ہزار روپے کما لیتا تھا، باقی غزلیں گا کر پیسے جمع کیے اور پھر پہلا البم ریلیز کیا‘۔
علی ظفر نے اپنی اہلیہ عائشہ کو پروگرام میں ہی گانا گا کر سالگرہ کی مبارک باد بھی پیش کی۔
مکمل پروگرام کی ویڈیو