پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کوشش ہوگی عید تک بند نالوں کی صفائی کردی جائے: علی زیدی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ شہر کی کبھی صفائی نہیں ہوئی ٹنوں کے حساب سے کچرا جمع ہوگیا ہے، کوشش ہوگی عید تک بند نالوں کی صفائی کردی جائے۔

تفصیلات کے مطابق کلین کراچی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے بعد وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی کبھی صفائی نہیں ہوئی ٹنوں کے حساب سے کچرا جمع ہوگیا ہے، ہماری پہلی توجہ کراچی کے نالوں کی صفائی پر ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر ایک کو صفائی مہم میں حصہ لینا چاہیئے، برساتی نالے کچرا پھینکنے کی جگہ بن گئے ہیں۔ عید تک ہم چاہتے ہیں کہ بند نالوں کی صفائی کردی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جتنی بھی بیماریاں پھیل رہی ہیں اس کی بڑی وجہ پانی ہے، کراچی میں صفائی کے حوالے سے تفصیلی پلان شام کو جاری ہوگا۔ مہم پر بھرپور اور بہت اچھا رد عمل مل رہا ہے۔ لوگ رضا کار بننے اور پیسہ دینے کے لیے تیار ہیں، لوگوں کے پیسے دینے کے حوالے سےکوئی انتظام ہونا چاہیئے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی جگہ ہونی چاہیئے، میئر صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مہم کے لیے وقت نکالا۔ صفائی میں مختلف اداروں کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا ہے، مہم کے لیے ضلع غربی میں 48 مقامات اور ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اجلاس میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ کلین کراچی مہم کا دورانیہ 2 ہفتے سے بڑھا دیا جائے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں 6 اضلاع میں بڑے نالوں کی صفائی کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں شاہراہوں اور گلیوں سے کچرا اٹھایا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں