واشنگٹن : امریکی کانگریس مین جم بینکس نے بھی وزیراعظم عمران خان کا دورہ کامیاب قرار دے دیا، علی زیدی سے ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات نتیجہ خیزثابت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس مین جم بینکس سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر امریکی کانگریس مین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ انتہائی مثبت رہا۔
ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے، وزیراعظم کے ساتھ پاک امریکا تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، دونوں ممالک نے ماضی میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا طریقہ کار طے کیا۔
جم بینکس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے وزیراعظم سے تعلقات کی بحالی کے اقدامات اٹھائے گا، خطے میں امن اور افغانستان میں استحکام دونوں ممالک کی ضرورت ہے۔
دونوں ممالک کےدرمیان بہترین تجارتی تعلقات کےوسیع مواقع ہیں،جم بینکس نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد امریکی معیشت کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے، امریکا یہاں مقیم پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا کہ زبردست مہمان نوازی پر کانگریس مین جم بیک کے شکر گزار ہیں، ماضی میں پاک امریکا تعلقات ہمیشہ کچھ دو اور کچھ لو کی بنیاد پر تھے۔
دونوں مممالک کے درمیان پہلی بار انسانی ترقی، معیشت اور تجارت کے فروغ پربات کی گئی،علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پاکستانی وزیراعظم کا وائٹ ہاؤس میں شاندار استقبال ہوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کی ملاقات سے پاک امریکہ تعلقات کی نئی سمت کا آغاز ہوگا۔