اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور ترک وزیر ٹرانسپورٹ کاہت ترہان کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں بحریہ کے شعبے میں ترکی کو سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی اور دونوں ممالک میں تعان بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت بحری امور کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین وفود کی سطح پر ملاقاتوں کا آغاز اور پہلی ملاقات وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور ترک وزیر ٹرانسپورٹ کاہت ترہان کی ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علی زیدی کی جانب سے ترک وزیر اور ان کے ساتھیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔ ملاقات میں بلیو اکانومی میں پاکستان اور ترکی کے اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرا کی ملاقات میں پاکستان و ترکی کے مابین اشتراک کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان اور ترکی کے مابین شپ یارڈ آپریشن میں تعاون مستحکم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
ترک وفد نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں تعاون پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے ترک کمپنیوں کو کراچی اور گوادر میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ترک جہازوں پر پاکستانی سی فیئرز کی تعیناتی کی پیشکش کی۔
اس موقع پر پاکستانی سی فیئرز کے لیے ویزہ کے حصول میں آسانی کی بھی درخواست کی گئی۔ سنہ 2020 میں پاکستان میں متوقع عالمی شپنگ ایکسپو میں ترک کمپنیوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔
ترک وزیر نے پاکستانی معیشت کے استحکام کے لیے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔