منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کراچی میں نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے: علی زیدی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر ہمیں بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، بارشوں کے بعد پانی کافی حد تک نکل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے، بارشوں کے بعد پانی کافی حد تک نکل گیا، کچھ جگہوں پر تھوڑا بہت پانی ہوگا وہ بھی نکالا جا رہا ہے۔ عوام سے بھی تعاون کرنے کی گزارش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درخواست ہے کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر وائرل کریں، تصاویر ہمیں بھی بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، ناصر حسین شاہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا بھی شکر گزار ہوں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میرے خلاف پروپیگنڈا ہے، خیابان شجاعت پر فینسی گاڑیاں کھڑی کر کے روڈ بند کیا گیا تھا، کے پی ٹی کی پرچم کشائی کی تقریب میں جا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں کچرا ملے گا ہم اٹھاتے جائیں گے، لیاری کو صاف ستھرا بنا دیں گے۔ لیاری میں کم مشینری لگی ہے لیکن کام ہوتا رہے گا، تنقید کی جا رہی ہے کہ لیٹس کلین کراچی مہم کے لیے پیسے مانگ رہا ہوں، ہم نے صفائی مہم کے لیے الگ سے اکاؤنٹ کھولا ہے۔ سندھ حکومت نے بھی کام کا آغاز کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم کی ہدایات تھیں کراچی صاف کرنا ہے، میڈیا والوں سے درخواست ہے اگر کہیں کچرا ہے تو بتا دیں۔ نالے صاف کرنا ہمارا کام نہیں تھا پھر بھی کراچی کے لیے کیا۔ ’میری ٹائم وزیر کا کام نہیں کہ نالے صاف کرے، ہم تو مدد کو آئے ہیں کہ کام تیز ہوجائے‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں