اسلام آباد : ازبکستان کی سمندری تجارت تک رسائی اور تجارتی راہداری پر اہم پیش رفت سامنے آئی، وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہوں کو ریل اور روڈ کے ذریعے ازبکستان سے جوڑا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ازبکستان کی پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے سمندری تجارت تک رسائی اور تجارتی راہداری پر اہم پیش رفت ہوئی ، وفاقی وزیر برائے سمندری امور علی زیدی سے ازبک نائب وزیر اعظم برائے سرمایہ کاری اور خارجہ تجارت ، مسٹر سرڈور عمورزاکوف کی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں تجارتی راہداری اور ازبکستان کیلئے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہا کہ 2 سال میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین تجارت بڑھی ہے، تجارتی راہداری ازبکستان کی اشیاافریقہ،ایشیا،یورپ پہنچانے میں مدد دے گی۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی بندرگاہیں وسطی ایشیائی تجارت کیلئےمختصر،کم لاگت کاتجارتی راستہ ہے، اس سلسلے میں جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز بھی پیش کردی گئی۔
ملاقات میں کراچی اور گوادر پرٹرمینل،خصوصی بحری بیڑےکی بھی تجویز زیرغور آئی، علی زیدی نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہوں کو ریل اور روڈ کے ذریعے ازبکستان سے جوڑا جائے گا۔
خیال رہے گذشتہ روز ازبک نائب وزیر اعظم پاکستان پہنچے تھے ، دورے کے دوران انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔