جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں،علی زیدی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیربرائےبحری امورعلی زیدی کا کہنا ہے کہ عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں، کراچی والوں کے لئے خوش خبری کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر برائے بحری امورعلی زیدی نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کو قوم کو جگانے میں 22سال لگ گئے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی پر خاص توجہ دی ہے۔

وزیر برائے بحری امور کا کہنا تھا کہ اتوار کو وزیراعظم عمران خان  کا دورہ کراچی خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور اپنے اس دورے میں شہرقائد کے لیےخصوصی اعلانات کریں گے۔

علی زیدی نے کہا کہ وہی ملک ترقی کرتا ہے، جہاں بحری نظام منظم ہو، دبئی کی ترقی بھی بندرگاہ سےہی شروع ہوئی تھی۔ یہاں کراچی میں یہ حال ہے کہ لاکھوں گیلن گندا پانی روز سمندر میں پھینکا جاتا ہے۔

کرپشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزارت برائے بحری امور بھی کرپشن کی نذرہوئی، جلد ادارے میں ہونے والی کرپشن سے آگاہ کروں گا۔

وزیر برائے بحری امور نے کہا وزارت کودرپیش مسائل سےمتعلق جلد پریس کانفرنس کروں گا۔

گذشتہ روز  وزیرِ بحری اُمور سید علی حیدر زیدی نے نیول ہیڈکوارٹرزاسلام آبادمیں پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی تھی، ملاقات کے دوران میری ٹائم اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے ملک میں موجود میری ٹائم پوٹینشل پرروشنی ڈالی اور وزیرِ بحری اُمور کو میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور سیکیورٹی سے متعلق پاک بحریہ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر  وزیرِ بحری اُمورنے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور عالمی بحری امن میں پاک بحریہ کے کردارکو سراہا۔

یاد رہے 3 روز قبل وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھایا تھا ، جس میں علی زیدی بھی شامل تھے،  علی زیدی کو وفاقی وزیر برائے بحری امور کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں