ممبئی: بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی گلوکارہ نازیہ حسن کی زندگی پر مبنی فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ اگرانہیں ایسی کسی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ اس میں ضروراداکاری کریں گی، عالیہ کے مطابق ’کوئین آف پاپ‘ نازیہ حسن پاکستان کی بے مثال گلوکارہ تھیں۔
عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ نازیہ حسن ایک گلوکارہ تھیں اوران کی طرح وہ بھی ایک گلوکارہ ہیں اس لیے وہ ایسی فلم میں باآسانی کام کرسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ گلوکارہ نازیہ حسن 13 اگست 2000 میں کینسر کی بیماری کے باعث 35 برس کی عمرمیں انتقال کرگئیں۔
پاکستان اور بھارت کی فلمی صنعتوں میں نامورشخصیات کی زندگیوں پرفلم بنانے کا رجحان ترویج پارہا ہے پاکستان میں اس سال افسانہ نگارسعادت حسن منٹو کی زندگی پر فلم ‘منٹو’ اور باکسر حسین شاہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’شاہ‘ بنائی گئیں جب کہ ہندوستان میں دسرت سنگھ منجھی کی زندگی پر فلم ’منجھی دی ماؤنٹین مین‘ کافی مقبول ثابت ہوئی۔
بالی وڈ انڈسٹری اس سے قبل بھاگ ملکا بھاگ اور منگل پانڈے جیسی بائیو پکس فلمیں ناظرین کے لئے پیش کرچکی ہے اور عنقریب ریلیز ہونے والی عامرخان کی فلم دنگل اور عمران ہاشمی کی فلم اظہر بھی نامور شخصیات کی زندگی پر مبنی ہے۔
عالیہ بھٹ اس وقت فلم ’شاندار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ اداکار شاہد کپور اہم کردار کرتے نظر آئیں گے، انہوں نے اس حوالے سے یہ بھی کہا کہ شاہد کپور ایک بہترین ڈانسر ہیں اور اسکرین پر ان کے معیار کے مطابق کام کرنا انتہائی دشوارہے۔