واشنگٹن: امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز آج اسلام آباد پہنچیں گی، ایلس ویلز 5 روزہ دورے پر پاکستان آ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز پانچ روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گی، ایلس ویلز سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔
پاکستان میں ہونے والی ملاقاتوں میں علاقائی امن و سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے، کشمیر کی مخدوش صورت حال پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
ادھر اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی پارلیمنٹ نے آئین میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق اہم ترین آرٹیکل 370 ختم کر دیا ہے، جس کے بعد وادی کی جداگانہ حیثیت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کردیا
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے بھارت کا کوئی بھی یک طرفہ قدم کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم نہیں کر سکتا، بھارتی حکومت کا فیصلہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ متنازعہ علاقہ ہے، بہ طور فریق پاکستان اس غیر قانونی اقدام کے خلاف ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں بھی بھارت کے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کو چیلنج کر دیا ہے۔