لیما: جنوبی امریکی ملک پیرو میں ملنے والی ’خلائی مخلوق‘ کی ممیوں کے سائنسی تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ ہڈیاں زمینی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق پیرو کے دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر گزشتہ اکتوبر کو پراسرار طور پر ملنے والی ایلین ممیوں کے ایک جوڑے کے تجزیے کے بعد سائنس دانوں نے جمعہ کو کہا کہ ’خلائی مخلوق کی یہ ممیاں‘ مکمل طور پر زمینی ہیں۔
لیما میں وزارت ثقافت کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں ماہرین نے بتایا کہ دونوں گڑیاؤں میں انسانی ہڈیوں کا استعمال کیا گیا ہے، کچھ ہڈیاں جانوروں کی بھی استعمال کی گئی ہیں، انھوں نے بتایا کہ پیرو کے شہر نزکا سے تعلق رکھنے والے تین انگلیوں والے ہاتھ کا بھی تجزیہ کیا گیا، اس ہاتھ کا بھی کسی ایلین مخلوق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
پیرو کے انسٹی ٹیوٹ فار لیگل میڈیسن اینڈ فرانزک سائنسز کے ماہر آثار قدیمہ فلاویو ایسٹراڈا نے کہا کہ یہ کسی ماورائے ارضی مخلوق کی حنوط شدہ لاشیں نہیں ہیں، یہ ’ایلین ممیاں‘ دراصل زمینی ہڈیوں سے بنی گڑیائیں ہیں، جو اسی سیارے یعنی زمین کے جانوروں کی ہڈیوں سے بنائی گئی ہیں، اور ہڈیوں کو جدید مصنوعی گوند سے جوڑا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ دونوں ’ممیاں‘ لیما ایئرپورٹ پر واقع کورئیر ڈی ایچ ایل کے دفتر میں گتے کے ڈبے میں آئی تھیں، ان ممیوں کو کوہ اینڈیز کا روایتی لباس پہنایا گیا تھا، میڈیا نے سنسنی پھیلاتے ہوئے انھیں ممکنہ طور پر ایلین قرار دے دیا تھا۔
#ufotwitter Mummies are real, but Jaime’s aliens are NOT! Told you from the start, now please let this die like the real mummies. Lay this hoax to rest pic.twitter.com/pqlHAkfup8
— Darcy Weir Films (@Occultjourneys) January 13, 2024
میکسیکو کے صحافی اور UFO کے پرجوش شائق جیمے موسن نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ لاشیں تقریباً 1,000 سال پرانی ہیں اور 2017 میں پیرو سے برآمد ہوئیں، اور ان کا تعلق کسی بھی معلوم نسل سے نہیں۔ تاہم ماہرین نے ان کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کسی نے فراڈ کے پیش نظر بنایا ہے۔
سائنس دانوں نے ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر کہا کہ انھیں انسانوں اور جانوروں کی ہڈیوں سے تیار کیا گیا ہے۔