اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کو سیاست چھوڑ دینے کا مشورہ دے دیا۔
عالیہ حمزہ نے مریم نواز کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جاتی امرا سے آتی چیخیں بتا رہی ہیں کہ کل کے جلسے کا صدمہ گہرا اور دیرپا ہے، عمران خان کے سہولت کار عوام ہیں اور کپتان لاڈلہ بھی 22 کروڑ عوام کا ہے، آپ سب چھوڑیں بس ایک تقریر اپنی کارکردگی پر ہی کر کے دکھا دیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک تقری رعمران خان کانام لیے بغیر ہی کر کے دکھا دیں، توشہ خانہ کی اس گاڑی کا حساب دے دیں جو یو اے ای سے تحفے میں دی، آپ نے بعد میں ملکی وقار داؤ پر لگا کر پتا نہیں وہ گاڑی کہاں بیچ دی۔
متعلقہ: عالیہ حمزہ نے مریم نواز کو ‘بی اے فیل’ کہہ دیا
انہوں نے کہا کہ بھگوڑے ابا جی (نواز شریف) کی 6 لاکھ والی بی ایم ڈبلیو کا حساب ہی دے دیں، بتا دیں توشہ خانہ کی 12 گھڑیاں کہاں بیچیں؟
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بتا دیا کہ ملک، عوام اور ریاست بچانے کا عملی پلان ان کے پاس ہے، عمران خان کا مقابلے کرنے کے لیے باجی عوام کو معاشی خوشحالی کا پلان ہی بتائیں، آپ کے لیے مخلصانہ مشورہ ہے کہ چھوڑیں سیاست اور گھر داری سنبھالیں۔