ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

عدالت نے پولیس کو عالیہ حمزہ کی گرفتاری سے روک دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عالیہ حمزہ کی مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کے دوران ان کے وکیل سے استفسار کیا کہ وہ کتنے دن جیل میں رہیں؟

پی ٹی آئی رہنما کی وکیل نے بتایا کہ میری مؤکلہ نے 15 ماہ اور 6 دن جیل میں گزارے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنے دن چاہئیں؟ وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں دو ہفتے کا وقت دے دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ کی 15 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ عالیہ حمزہ 15 روز میں متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔

جون میں انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سمیت 7 ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت ہوئی تھی تو ملزمان کی عدم پیشی پر جج خالد ارشد نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

عدالت نے پولیس کو 13 جون کو ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل صنم جاوید کو رہائی ملنے کے بعد جیل سے نکلتے ہی پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا تھا۔ صنم جاوید جب جیل سے رہا ہو کر نکلیں تو انہیں گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لیا جبکہ روبکار جیل نہ پہنچنے پر عالیہ حمزہ کو رہائی نہ مل سکی تھی۔

5 جون کو انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی ضمانت منظور کی تھی جبکہ انہیں تھانہ موسیٰ خیل کے چوتھے مقدمے میں بھی عبوری ضمانت منظور دی گئی تھی۔

اس سے قبل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے روبکار تیار ہیں کل سے جیل میں ہی رکھا ہوا ہے، ایس پی جیل خانہ جات کہہ رہے ہیں ان پر پریشر ہے چھوڑ نہیں سکتا۔

جنوری میں بھی صنم جاوید کو ایک مقدمے میں رہائی ملنے کے بعد دوسرے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی (ن) لیگ کا دفتر جلانے کے کیس میں بعداز گرفتاری ضمانت منظور ہوئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں