پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے اداکار کے غیر ذمے دار باپ ہونے کے حوالے سے بلآخر خاموشی توڑ دی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر حال ہی میں علیزے سلطان نے سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے صارفین کے سوالوں کے جواب دیے۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ آپ اپنی زندگی میں کیا تبدیلی چاہتی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں علیزے نے کہا کہ میں دین و دنیا میں توازن سیکھنا چاہتی ہوں، صبر، برداشت اور درگزر کرنا اور رشتوں میں توازن رکھنا سیکھنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ جب میں گھر سے باہر جاتی ہوں تو سر پر دوپٹہ اوڑھ لیتی ہوں اور اب چاہتی ہوں کہ انسٹا گرام پوسٹس میں بھی اس کا مظاہرہ کروں، حجاب نہیں صرف سر پر دوپٹہ لیے تصاویر شیئر کروں۔
ایک صارف نے پوچھا کہ کیا مرد کا قد اہمیت رکھتا ہے؟ علیزے نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صرف اس کی برداشت کرنے کی صلاحیت اور شخصیت اہمیت رکھتی ہے کہ جب بھی بات کرے تو اچھی بات کرے۔
اسی سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک صارف نے اداکار فیروز خان سے متعلق سوال کیا کہ کیا واقعی فیروز خان اپنے بچوں کے اخراجات برداشت نہیں کرتے؟ کیا واقعی وہ ایک غیر ذمے دار باپ ہیں؟
صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے علیزے سلطان نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ فیروز خان بچوں کے آدھے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی کی فیملی کورٹ نے اداکار فیروز خان کو بیٹے سلطان کے لیے 50 اور بیٹی فاطمہ کے لیے 30 ہزار روپے ماہانہ اخراجات کی مد میں دینے کا حکم دیا تھا۔