لندن: برطانوی حکومت نے دارالحکومت لندن میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکے ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں برس فروری سے اب تک شمال مشرقی اور وسطی لندن سے نکاسی آب کے 19 نمونوں میں 116 پولیو وائرس کو شناخت کیا گیا ہے، جس کے بعد بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ کیا ہے۔
یوکے ہیلتھ ایجنسی کا کہنا ہے کہ لندن میں اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم احتیاطی طور پر بچوں کو پولیو کے مرض سے بچانے کے لیے نئے ویکسین بوسٹر پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہیلتھ ایجنسی نے کہا کہ ویکسین 1 سے 9 سال کی عمر کے تمام بچوں کو لگائی جائے گی والدین کو مشورہ ہے کہ وہ بچوں کو ڈاکٹر کے پاس لے جاکر ویکسینیشن کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف، ایمرجنسی نافذ
یاد رہے کہ برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) کی جانب سے جون میں انکشاف کیا گیا تھا کہ شمالی اور مشرقی لندن میں نکاسی آب کی معمول کی نگرانی کے دوران پولیو وائرس کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کے شواہد ملے ہیں۔ لندن میں پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملنے کے بعدحکومت نے قومی سطح پر ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
خیال رہے کہ برطانیہ کو 2003 میں پولیو فری قرار دیا گیا تھا جبکہ وہاں آخری کیس 1984 میں رپورٹ ہوا تھا۔