اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ کل وفاقی دارالحکومت کی تمام یونی ورسٹیاں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی، سیاسی احتجاج اور دھرنوں کے باعث بچوں کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات نے کل یونی ورسٹیاں معمول کے مطابق کھلی رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنا غلط روایت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ میٹرو بس سروس بھی کل معمول کے مطابق چلے گی، میٹرو کے اطراف اہل کار ڈیوٹی انجام دیں گے، اسلام آباد کے شہری کل میٹرو بس سروس استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے پرائیویٹ اسکولز کل بند رکھنے کا اعلان
دریں اثنا، پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک (پی ایس این) نے بھی کل اسلام آباد کے تمام ممبر پرائیویٹ اسکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی ایس این کے صدر نے کہا کہ ہم وزارت تعلیم، وزارت داخلہ اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات تسلیم کریں گے۔
انھوں نے کہا کل کے بعد بھی اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ انتظامیہ کے احکامات کی روشنی میں کیا جائے گا، تعلیمی اداروں میں وسط مدتی امتحانات ہو رہے ہیں، بچوں کا نقصان نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے آزادی مارچ کے پیش نظر کل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ آزادی مارچ کے باعث اسلام آباد کی مختلف جامعات میں پیپرز منسوخ کیے گئے ہیں، نمل یونی ورسٹی میں یکم نومبر کا پیپر 8 نومبر تک ملتوی کیا گیا ہے، نمل یونی ورسٹی کل سے 7 نومبر تک بند رہے گی۔