کراچی: مجلس وحدت المسلمین کے تحت منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شامل مذہبی وسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کے نام پر ملک توڑنے والی ہر عالمی سازش کو ناکام بنائیں گے قوم کل بھی متحد تھی ہے اور رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کے تحت ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔
شرکا کا کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی فرقہ واریت اور لسانیت کا وجود نہیں ہے قوم آج بھی متحد ہے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور عالمی سطح پر ہونے والی تبدلیوں کو بھی نظر میں رکھنا ہوگا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کل جن کو جہاد کے نام پر اسلحہ تھمایا گیا اج وہی ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں، ۔
فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے حکومت کو سنجیدگی سے کام لینا ہوگا آج قوم کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ بیرونی طاقتیں ہمیں آپس میں لڑا کر ہمارے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہیں آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نبی اکرم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں کسی لیڈر کی ضرورت نہیں ہے ہمارے پاس ہمارے لیڈر کی سنت موجود ہے بس اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے فرقے کے خلاف فتوے دینے سے گریز کرنا ہوگا۔
اس موقع پر پارا چنار .کوئٹہ احمد پور شرقیہ اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی بھر پور مذمت کی گئی اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔