راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج میں نیشنل آرمی ہے جس میں عیسائی، ہندو اور سکھ موجود ہیں، فوج میں تمام مسالک کے لوگ شامل ہیں مگر فوج کا ہر جوان قادیانی نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ سائن کرتا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک نے دہشت گردی کے خلاف گھٹنے ٹیک دیے مگر پاک فوج دہشت گردی کے خلاف نبردآزما ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیکیورٹی اور معیشت کا گہرا تعلق ہے ، ملک کے حالات بہتر نہ ہوں تو معیشت متاثر ہوتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن سے ملک کی معیشت میں بہتری آئی، اب معیشت زیادہ اچھی نہیں تو بری بھی نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے آرمی چیف نے تجاویز پیش کی ہیں، اس ضمن میں سب کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔ پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف نبردآزما ہے، ہماری فوج میں تمام صلاحیتیں موجود ہیں کیونکہ فوج میں کوئی پابندی نہیں کہ اس میں صرف خاص مسلک کے ہی لوگ آئیں، اس وقت عیسائی، ہندو اور سکھ بھی پاک فوج کا حصہ ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم نے کپیٹن صفدر کا بیان سنا ہے اُس پر صرف یہ کہوں گا کہ پاک فوج ایک قومی فوج ہے جس میں شامل ہونے والا جوان صرف پاکستانی ہے، فوج میں ہرمسلمان فوجی یہ سائن کرتا ہے کہ میں قادیانی نہیں ہوں، کیپٹن صفدرنےبھی یہی سائن کیے مگر شاید وہ بھول گئے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل نااہل وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج میں قادیانیوں کی بھرتیوں پر پابندی کے حوالے سے جلد ایوان میں قرار داد پیش کریں گے۔