کراچی : شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کایوم پیدائش آج ملک بھر میں ملی جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبہ سندھ اوربلوچستان کے تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگی۔ جبکہ پنجاب ،خیبرپختونخوا اور وفاقی تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا ایک سو انتالیس واں یوم ولادت آج پاکستان بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں مزار اقبال پرگارڈز تبدیلی کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سندھ اور بلوچستان حکومت نے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے کھلے رکھ کر شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے کے پی کے حکومت کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ عوام تعطیل سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔ یوم اقبال پرصوبے میں تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ یوم اقبال پرپنجاب میں چھٹی نہیں ہوگی۔ تمام تعلیمی ادارے و دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
واضح رہے کہ مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر وفاق نے بھی عام تعطیل کا اعلان نہیں کیا ہے۔
مزید پڑھیں : شاعر مشرق علامہ اقبال کیلئے ’ترانہ ہند‘ کا اعزاز
علامہ اقبالؒ سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔ ان کا شمار اردو اور فارسی کے اہم ترین شاعروں میں ہوتا ہے اور یہی ان کی بنیادی وجۂ شہرت ہے۔
ان کی شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ انہوں نے “دا ریکنسٹرکشن آف ریلیجس تھاٹ ان اسلام” کے نام سے انگریزی میں ایک نثری کتاب بھی تحریر کی۔