12.9 C
Dublin
جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کا یوم وفات خاموشی سے گزر گیا، کوئی شخصیت مزار پر بھی نہ آئی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : خودی کا درس دینے والے شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ اقبال کا یوم وفات خاموشی سے گزرگیا، کسی سرکاری شخصیت نے مزار پرحاضری دی نہ ہی حکومتی سطح پر کوئی تقریب منعقد ہوئی۔

خواب غفلت میں سوئی امت کو ہر سو جگانے میں مصروف رہنے والے آفاقی شاعر علامہ محمد اقبالؒ کا یوم اکیاسواں یوم وفات ہفتہ وار تعطیل اور ہماری قومی بے حسی کی نذر ہو گیا۔

محسن ملت کے یوم وفات کو حکومت اپوزیشن ،سیاسی و سماجی تنظیموں تعلیمی اداروں اور من حیث القوم اس انداز میں منایا گیا کہ جیسے اقبال کبھی تھے ہی نہیں۔

- Advertisement -

اپنی بلند پایہ شاعری کے ذریعے نئی نسل کو اسلاف کے کارناموں سے آگاہی دینے والے علامہ محمد اقبالؒ کا میوزیم جہاں ان کے استعمال کی اشیاء اور دیگر معلومات کا ذخیرہ موجود ہے وہ بھی ویران پڑا رہا نہ والدین اور نہ ہی اساتذہ اپنے بچوں کو اقبال کی زندگی سے آگاہی دینے کے لیے آئے۔

جاوید منزل اقبال میوزیم میں بھی ویرانی قومی بے حسی کا ثبوت دیتی رہی، برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی آزادی کا خواب دیکھنے والے محسن ملت کو سلام عقیدت پیش کرنے ان کے چاہنے والے مزار پر نہ پہنچے۔

علامہ اقبال کے یوم وفات پر کسی حکومتی عہدیدار نے مزار پر حاضری دینے یا ان کی یاد میں مباحثہ یا سیمینار منعقد کرنے کی زحمت تک گوارا نہ کی اور اقبال یوم وفات قومی بے حسی غفلت اور لاپرواہی کے عالم میں گزر گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں