کراچی: شہر قائد میں علامہ اقبال کے سب سے بڑے پوتے آزاد اقبال کی نئی کتاب ’’راز سخن‘‘ کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔
یہ تقریب ’پیام اقبال بزبان اقبال‘ کے عنوان سے آرٹس کونسل کراچی میں جہان مسیحا ادبی فورم کی جانب سے منعقد کی گئی، جس میں آزاد اقبال نے اپنے دادا علامہ محمد اقبال کا کلام بھی سنایا۔
پوتے آزاد اقبال نے کہا کہ ان کی رگوں میں اقبال کے خانوادے کا خون شامل ہے اور انھیں علامہ اقبال کا پسر زادہ ہونے پر فخر ہے، اس کیفیت کا الفاظ میں اظہار ممکن نہیں، یہ ایک ذمہ داری ہے جس کی وجہ سے انھوں نے قلم اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے شاعری کے ذریعے اسی پیغام کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے جو پیغام ان کے دادا اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے پورے برصغیر بلکہ دنیا کے تمام مسلمانوں تک پہنچایا۔
مقررین نے کہا مایوسی اور غیر یقینی کی ایک لہر نے ملک کے نوجوانوں کو گرفت میں لیا ہوا ہے، اور یہ نا امیدی ہی ہے جس کی وجہ سے ملک کا نوجوان طبقہ اپنی جان تک پر کھیل کر ملک سے فرار کی راہ اختیار کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا ایسی صورت حال میں فکر اقبال کو کلام اقبال کے ذریعے فروغ دے کر نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی کو ختم کیا جا سکتا ہے اور ملک کے اس اہم طبقے کو امید کی ایک نئی کرن دکھائی جا سکتی ہے۔
پوتے آزاد اقبال کے بارے میں بتایا گیا کہ ان کی شاعری میں اقبال کی جھلک نظر آتی ہے، اور انھوں نے اقبال کی فکر کو آگے بڑھایا، اقبال کی شاعری نے نوجوانوں میں نئے وقت کی امنگ، تڑپ اور جذبہ بیدار کیا، اسی طرح آزاد اقبال کی شاعری آج کے نوجوانوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔
تقریب سے مقامی دوا ساز ادارے فارمیوو کے ڈپٹی سی او سید جمشید احمد، اقبال کے پوتے آزاد اقبال، فریدہ اقبال، ڈاکٹر زبیر اور شکیل احمد نے خطاب کیا۔ سید جمشید نے کہا اقبال کے خانوادے کے ذریعے موجود دور میں چھائی مایوسی کو ختم کیا جا سکتا ہے، آزاد اقبال نے علامہ اقبال کی فکر کو آگے بڑھایا۔