اسلام آباد : علامہ اقبال یونیورسٹی نے خواجہ سراؤں کے لئے مفت تعلیم کا پروگرام شروع کردیا ہے، جس کے تحت خواجہ سرا میٹرک سے (پی ایچ ڈی) ڈاکٹریٹ کی سند اور فنی تعلیم کے کسی بھی پروگرام میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، خواجہ سراؤں کو یہ تعلیم مفت اور کسی بھی قسم کی فیس کی ادائیگی کے بغیر فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں خواجہ سراؤں کو مفت تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
اس حوالے سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے بتایا ہے کہ خواجہ سراؤں کو مفت تعلیم دینے کا یہ سلسلہ ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ خواجہ سراؤں کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو بلکہ انہیں معاشرے میں ایک ذمہ دار شہری کی طرح جینے میں مدد مل سکے۔
ڈاکٹر شاہد صدیقی کے مطابق ہمیں اس ضمن میں خواجہ سرا کمیونٹی سے مثبت رد عمل ملا ہے اور تعلیم پانے کے متعدد خواہش مندوں کی جانب سے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: خواجہ سرا کی ولدیت کا مسئلہ ، عدالت نے گرو کے نام کی منظوری دے دی
خیال رہے کہ اس سے قبل علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے جیل کے قیدیوں کو بھی مفت تعلیم دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اب خواجہ سراؤں کو بھی اس میں شامل کرلیا گیا ہے جنہیں میٹرک اور بعدازاں پی ایچ ڈی تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔