لاہور : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پوری انسانیت مشکل میں ہے، ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، مخیر حضرات دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نجات کیلئے دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمگیر وبا کی اصل وجہ اللہ پاک کی ناراضی ہے، ایسے میں احتیاط بھی کی جائے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی صدق دل سے معافی بھی مانگی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ایک پہلو طبی دوسرا باطنی اور روحانی ہے، اس وقت پوری انسانیت بڑی مشکل اور آزمائش میں ہے، ان حالات میں ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں،اشیائے خوردونوش کا ذخیرہ نہ کرنے والوں کو اللہ اجر دے گا۔
ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ صاحب حیثیت حضرات اپنے مال سے دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں، نوجوان فرصت کے لمحات میں ترجمے کے ساتھ قرآن کریم پڑھیں، نماز،استغفار اور گناہوں سے توبہ اللہ کو پسند ہے۔