اسلام آباد : سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی بھی مبینہ آڈیو سامنے آگئی، جس میں وہ پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر ابوزر سے گفتگو کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر ابوزر کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔
مبینہ آڈیو میں ابوزر نجم ثاقب کو اپنے ٹکٹ سےمتعلق آگاہی دے رہے ہیں، ابوزرچدھڑ نے نجم ثاقب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی کوششیں رنگ لےآئی ہیں، جس پر نجم ثاقب کا کہنا تھا کہ بابا11 بجے تک دفتر آجائیں گے ان کو ملنے آجانا انہوں نے بہت محنت کی ہے۔
ابوزرچڈھر نے مزید کہا کہ میں پہلے انکل کےپاس آؤں یا ٹکٹ جمع کراکرآؤں تو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کا کہنا تھا کہ وہ تمہاری مرضی ہےمگر آج کے دن میں بابا سے مل ضرورلینا۔
میاں عزیر نے نجم ثاقب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ تمہیں ابوزرنےبھیجی ہےیاڈائریکٹ آئی ہے تو نجم ثاقب نے کہا مجھےڈائریکٹ بھی آسکتی ہے ضروری نہیں ابوزر ہی بھیجے۔
مبینہ آڈیو میں میاں عزیر نے سوال کیا یہ کام کس نےکرایاہے تو نجم ثاقب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایک بیس سےنیچےنہیں لینا ورنہ میں تمہاری ٹانگیں توڑدوں گا، میں مذاق نہیں کررہا،عزیریہ بہت بڑی چیز ہے، میں ورنہ ڈائریکٹ ہوجاؤں گا، اورتو کچھ نہیں کر سکتے، وہ ٹکٹ جمع کرا کر میرے پاس دفتر آرہا ہے۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور عمران خان کے وکیل خواجہ طارق رحیم کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی، آڈیو میں ثاقب نثار خواجہ طارق رحیم کو توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے سے متعلق رہنمائی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں : سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل سامنے آگیا
مبینہ آڈیو میں ثاقب نثار نے کہا تھا کہ آپ دو ہزار دس کا ازخودنوٹس کیس دیکھ لیں، جب آپ پڑھیں گے تو آپ کو سمجھ آجائے گا، جس پر خواجہ طارق رحیم کا کہنا تھا کہ کلازتھری میں راستہ دیا ہوا ہے۔
بعد ازاں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا مبینہ آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے صبراور خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔