اسلام آباد: معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باجود نوجوانوں کے لیے100ارب روپے مختص کیے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں نوجوانوں کے لیے تاریخی اقدامات جاری ہیں،نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی فراہمی کا بڑا منصوبہ شروع کیا گیا، مشکل حالات کے باجود نوجوانوں کے لیے 100ارب روپے مختص کیے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے رقم کی حد50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ کی،رقم پرمارک اپ ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر لانے کا فیصلہ کیا ہے،فنی تربیت اورمہارت کی فراہمی کے لیے30 ارب الگ سے جاری کیےگئے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے اقدامات کے اعتراف میں پاکستان کی عالمی رینکنگ بہتر ہوئی،عالمی اداروں نے شفافیت کے پیش نظر یوتھ پروگرامز میں تعاون کی پیشکش کی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ نوجوانوں کا یوتھ ایکسچینج پروگرام کامیابی سے جاری ہے،نوجوانوں کو ملکی تعمیر وترقی کا پورا موقع فراہم کر رہے ہیں،کامیاب جوان پروگرام کا دوسرامرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔