لاہور: صوبہ پنجاب میں جیل میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹروں کو ڈیڑھ لاکھ روپے الاؤنس دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیرِ صدارت جیل اصلاحات کے لیے خصوصی اجلاس ہوا جس میں جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
پرویز الٰہی نے جیل ریفارمز کے حوالے سے 7 روز میں حتمی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ دوران تعلیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قیدیوں کو سزا میں رعایت ملے گی۔
اجلاس میں ہر قیدی کو اہل خانہ سے گفتگو کے لیے 300 منٹ ماہانہ دینے کی سفارش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے لیے ناشتے میں انڈے اور معیاری خوراک فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
جیل کینٹین کے انتظامات اور یوٹیلٹی اسٹور یا دیگر بڑے اسٹورز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاوارث قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر 3 ماہ کے بعد قیدیوں کا میڈیکل چیک اپ یقینی بنایا جائے۔