بھارتی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اللو ارجن جو "پشپا” فینومینا کے طور پر مشہور ہیں کی فلموں نے باکس آفس پر بالی وڈ کے ہیروز کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔
اللو ارجن اداکاری کی دنیا سے آگے قدم آگے بڑھ کر ایک کامیاب کاروباری شخصیت بھی بن گئے ہیں۔ ان کی حالیہ بلاک بسٹر فلم "پشپا 2: دی رول” نے باکس آفس کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے۔
مذکورہ فلم نے پہلے ہفتے میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ اللو ارجن بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل ہوچکے ہیں، ان کی ایک فلم کا معاوضہ 300کروڑ (3ارب روپے) بتایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اللو ارجن کی دولت صرف ان کی اداکاری تک ہی محدود نہیں ہے، وہ ایک فلمی گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کی خاندانی دولت کی کُل مالیت تقریباً 6000 کروڑ روپے کے قریب ہے۔
االلو ارجن کے والد معروف پروڈیوسر اللو اروند ہیں جبکہ ان کے دادا لیجنڈری کامیڈین اللو رام لنگیا ایک عظیم فنکار تھے جنہوں نے ماضی میں ساؤتھ فلموں سے اپنی پہچان بنائی۔
اللو ارجن نے حیدرآباد میں ٹرپل اے ملٹی پلیکسز لانچ کیے، جنہیں قومی سطح پر پھیلانے کا منصوبہ ہے۔ ان کا پروڈکشن ہاؤس "اللو اسٹوڈیوز” نئے ٹیلنٹ کو سامنے لاتا ہے جبکہ ان کے والد کے ساتھ قائم کردہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم "آہا” ڈیجیٹل صارفین کے لیے معیاری تفریح فراہم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں واقع مشہور نائٹ لائف پوائنٹ "ہائی لائف بریونگ کمپنی” ان کے کاروباری پورٹ فولیو میں ایک اور اضافہ ہے۔
ان کا شاندار طرز زندگی ان کی کامیابی کی گواہی دیتا ہے، الو ارجن جوبلی ہلز میں 8000 مربع فٹ کے ایک پرتعیش ولا میں رہتے ہیں، جس کی قیمت تقریباً 1000 کروڑ روپے ہے۔ ان کے دیگر اثاثوں میں ایک نجی جیٹ اور کئی قیمتی جائیدادیں بھی شامل ہیں۔
اللو ارجن کا فلمی دنیا کا سفر بطور چائلڈ آرٹسٹ چرن جیوی کی فلم "وجیتھا” (1985) سے شروع ہوا۔ ان کی پہلی اکیلی فلم "گنگوتری” (2003) ان کے کیریئر کی ابتدا تھی، لیکن فلم "آریہ” نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
بعد میں "بنی”، "دیشم دروڈو”، "آریہ 2” اور "ویدم” جیسی کامیاب فلموں نے انہیں تیلگو فلم انڈسٹری کا ایک معروف اسٹار بنادیا۔
اللو ارجن کی دلکش اسکرین پر موجودگی، پُرجوش ڈانس، اور منفرد اسٹائل نے انہیں "اسٹائلش اسٹار” کا خطاب دیا۔
اللو ارجن کی اثر پذیری صرف فلمی دنیا تک محدود نہیں رہی بلکہ اب وہ ایک کامیاب کاروباری اور بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا نمایاں چہرہ بن چکے ہیں۔