جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

بادام اور اخروٹ : گوشت سے پرہیز کرنے والوں کیلیے بہترین متبادل

اشتہار

حیرت انگیز

اپنی غذا میں بادام اور اخروٹ جیسےگری دار میوے شامل کرنا کئی ضروری غذائی اجزاء کی مقدار کو یقینی بنانے کا ایک مؤثر طریقہ اور متعدد بیماریوں سے بچنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

بادام اور اخروٹ یہ دو ایسی سوغاتیں ہیں جو اپنے ذائقے اور افادیت کی بدولت میوہ جات میں خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ بادام کو تو میوہ جات میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی دوا کی اشیاء شمار کیا جاتا ہے۔

یہ دونوں ہی ان تمام بنیادی غذائی عناصر سے بھرپور ہیں جو یاد داشت اور دماغ کی عام کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں۔

خشک میوہ جات بادام اور اخروٹ، گوشت کے استعمال سے دور بھاگنے والے سبزی خوروں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جو افراد گوشت نہیں کھاتے وہ ان میووں کے استعمال سے پروٹین حاصل کر سکتے ہیں۔

بھارتی اخبار میں شائع ہونے والی یک رپورٹ میں ان دونوں میوہ جات کی غذائی خصوصیات اور دماغ کی مضبوطی کے لیے ان کی صفات کا موازنہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ صحت کو بہتر بنانے کے لیے ان میں سے خاص چیزکون سی ہے؟

بادام

بادام کو ڈرائی فروٹ یعنی خشک میوہ جات کا بادشاہ قرار دیا جاتا ہے، تقریباً 23 باداموں میں 164کیلوریز، 14 گرام فیٹ، 6 گرام پروٹین، 6 گرام کاربز جبکہ 3.5 گرام فائبر پایا جاتا ہے۔

بادام سے متعلق کہا جاتا ہے کہ انہیں خوب چبا چبا کر کھانا چاہیے، بادام نہار منہ کھانے سے ذہانت میں اضافہ اور کمر پتلی ہوتی ہے۔

بادام بھگو کر کھانے سے ان کی تاثیر ٹھنڈی ہو جاتی ہے، رات کو پانی میں باداموں کی 7 سے 9 گریاں بھگو کر رکھ دیں اور صبح نہار منہ کھا لیں، اس سے معدہ، آنکھیں اور دماغ تروتازہ رہتا ہے۔

اخروٹ

انسانی دماغی شکل سے مشابہت رکھنے والی گری اخروٹ میں وٹامن اور معدنی نمک پایا جاتا ہے جس سے ناصرف مسلز مضبوط ہوتے ہیں بلکہ اس سے میٹابالزم بھی تیز ہوتا ہے۔

غذائی لحاظ سے 14 اخروٹ میں تقریباً 185 کیلوریز، 18.5 گرام فیٹ، 4 گرام پروٹین، 4 گرام کاربز جبکہ 1.9 گرام فائبر پایا جاتا ہے۔

اخروٹ مقدار میں کم کھانے چاہئیں کیونکہ اِن میں کیلوریز، کولیسٹرول زیادہ اور فائبر کم پایا جاتا ہے۔

یہ گلے میں خراش اور منہ میں چھالے بننے کا سبب بھی بن سکتا ہے، اخروٹ دن کے بجائے رات سونے سے قبل کھائیں، اخروٹ کھانے کے بعد چائے پینا نقصان دہ ہے ثابت ہو سکتا ہے۔

اگرچہ اخروٹ اور بادام دماغی صحت کے لیے مفید ہیں تاہم اخروٹ اپنی غذائی ترکیب کے سبب یاد داشت بہتر بنانے میں شان دار کردار ادا کرتا ہے۔

بہترین نتائج کے حصول کے لیے روزانہ اخروٹ اور بادام کا ایک حصہ اپنے جامع صحت بخش غذائی نظام کے جزو کے طور پر شامل کیا جاسکتا ہے، یہ گریاں بلاشبہ صحت بخش غذائی پلان کا بہترین حصہ ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں