اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

اشتہار

حیرت انگیز

ایلوا ویرا حیرت انگیز خصوصیات کا حامل پودا ہے جو بالوں اور جلد کے لیے بے حد مفید ہے، اس کے فوائد کی فہرست طویل ہے۔

بین الاقوامی میگزین میں شائع ایک مضمون کے مطابق ایلو ویرا کے پتے میں جیل کی ایک تہہ ہوتی ہے جو 99 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے، اس ایلو ویرا جیل میں امینو ایسڈ اور وٹامن اے، سی اور آئی پائے جاتے ہیں۔

ایلو ویرا جیل بہت سی بیماریوں، بالوں اور جلد کی حفاظت اور ان کے علاج میں استعمال ہونے والے انتہائی قدرتی مادوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ اس کا استعمال کس طرح کیا جاتا ہے۔

- Advertisement -

ایلوا ویرا کیل مہاسے ختم کرنے کے لیے بہترین ہے۔ اس کا جیل جراثیم کش اور انسداد سوزش کی خصوصیات کی حامل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں جلد کے لیے اہم غذائی اجزا بھی شامل ہوتے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر چہرے پر لگانے سے یہ کیل مہاسوں کے علاج میں واضح طور پر مفید ثابت ہوتا ہے۔

جلی ہوئی جلد کے علاج اور اس کی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ایلو ویرا جیل میں خصوصی صلاحیت ہوتی ہے۔ اسے روزانہ کئی بار جلے ہوئے مقام پر لگانے سے زخم درست ہو جاتا ہے۔

ایلو ویرا جیل خشک جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو نمی بخشتا ہے اور اس کا سوکھا پن دور کرتا ہے۔

آنکھوں کے گرد ایلو ویرا جیل کا استعمال آنکھوں کی بیماریوں اوران کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ایلو ویرا جیل میں ایسے مادے ہوتے ہیں جو جلد کی لچک کو برقرار رکھنے میں معاون ہوتے ہیں، اس کے استعمال سے چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں اور جلد توانا رہتی ہے۔

ایلوویرا جیل ان تکلیف دہ زخموں کا علاج بھی کرتا ہے جو ہونٹوں کے اطراف میں بنتے ہیں، اس کا دن میں دو بار استعمال زخموں کو بھرنے میں مدد دیتا ہے۔

ایلو ویرا جیل پلکوں کے بالوں کو گھنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو نرم اور چمکدار بناتا ہے، یہ ان کی لمبائی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

ایلو ویرا جیل کے مضر اثرات بھی ہوسکتے ہیں، کچھ لوگوں کو اس کے استعمال سے الرجی کے مسائل یا دوسرے مضر صحت مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کسی بھی ڈائیورٹیکس یا ذیابیطس کی دوائیاں لینے کی صورت میں اس کے استعمال سے پہلے کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گردوں کے مسائل، پوٹاشیم کی کمی، کمزوری، اسہال، متلی اور پیٹ میں درد کی صورت میں بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور بارہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ لہسن اور پیاز سے الرجی رکھنے والوں کو بھی ایلو ویرا جیل استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔ کسی بھی سرجری سے قبل بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے بچنا ضروری ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں