بندروں کی بہت سی عادات انسانوں سے ملتی جلتی ہوتی ہیں ایسی ہی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ مل بانٹ کر نشہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو جانوروں پر تحقیق کرنے والی برطانوی محققین کی ایک ٹیم نے ریکارڈ کی جو مغربی افریقہ میں چمپنزیوں پر تحقیق کر رہی ہے۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر کی ٹیم نے بندروں کی حرکات وسکنات کا جائزہ لینے کے لیے گنی بساؤ کے نیشنل پارک میں کیمرے لگا کر ریکارڈنگ کی تو اس میں بندروں کا ایک خاندان نشے والا پھل مل بانٹ کر کھاتے ہوئے دکھائی دیا۔
محققین کے مطابق ویڈیو میں بندر خمیر شدہ افریقی بریڈ فروٹ کو آپس میں بانٹ کر کھاتے دکھائی دیے جس میں انتھنول پایا جاتا ہے جو کہ ایک نشہ ہے۔
ٹیم کے مطالعے میں یہ حیرت انگیز انکشاف بھی ہوا کہ چمپینزی نسل کے بندر بھی الکوحل کو انسان کی طرح نشے کے طور پر ہی استعمال کرتے ہیں۔
ٹیم کی ایک رکن اینا باؤلینڈ نے کہا کہ الکوحل پینے سے ڈوپامائن اور اینڈورفنز ہارمون کا اخراج ہوتا ہے اور اس الکوحل والے پھل کو اپنے ساتھیوں کے درمیان بانٹنے سے چمپینزی کو سماجی بندھن مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔