اسلام آباد : حکومت نے مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے، بھارت میں معین الحق کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم سے مشاورت کے بعد مختلف ممالک میں18اہم تعیناتیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر اپنی مدت پوری کر چکے ہیں جس کے بعد سینئر سفارت کار نغمانہ ہاشمی کو بیجنگ میں سفیر تعینات کیا جا رہا ہے اور نئی دہلی کے لئے معین الحق کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔
وزیرخارجہ نے مزید بتایا کہ جاپان کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری امتیاز احمد کو سفیر اور بیلجیم میں ظہیر جنجوعہ کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ ملائشیا میں ایڈیشنل سیکریٹری آمنہ بلوچ کو سفیر لگایا جا رہا ہے، کینیا نیروبی میں ثقلین سیدہ کو سفیر لگایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ سنگاپور کے لئے رخسانہ افضل کو سفیر لگایا جا رہا ہے، چیک ریپبلک کیلئے خالد جمالی کو سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی کے مطابق عطا المنعم شاہد الجیریا میں پاکستان کے سفیر ہونگے جبکہ سوڈان میں سرفراز احمد سپرا کو اور تاجکستان میں عمران حیدر کو سفیر لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برونائی کیلئے عبد العزیز طارق کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ محمد خالد راؤ بوسنیا میں سفیر تعینات ہونگے، خالد مجید کو جدہ میں قونصل جنرل لگایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ عائشہ عباس کو کونسل جنرل نیویارک تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابو ظہبی میں معظم صاحب کو بطور اسپشل سیکریٹری خارجہ لگایا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کویت میں ہمارے سفیر غلام دستگیر ہوںگے جبکہ ماسکو میں قاضی خلیل اللہ کو مزید چھ ماہ کی توسیع دی جا رہی ہے، جاوید خٹک پرتگال میں سفیر تعینات ہونگے۔