اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں مصر اور قطر کے سفیروں نے پرویز خٹک سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، مصر کے سفیر تیرک دروغ نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان مصر سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، علاقائی، داخلی اور امت مسلمہ سے متعلق امور پر ہماری سوچ ایک ہے، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
وزیر دفاع نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دینے پر مصر کے اصولی مؤقف کی بھی تعریف کی۔
وزیر دفاع سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے بھی ملاقات کی، قطر کے سفیر نے ملاقات میں کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان سے ہر شعبے میں باہمی تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، قطر کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاع، مشترکہ مشقوں اور منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کے فوجی ادارے قطری مسلح افواج کی تربیت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔