اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سےاسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئےدنیا بھر کے اسکالرز سے رابطہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےاسلامی ممالک کےسفیروں کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ریاست مدینہ کے بنیادی اصول ،عدل و انصاف کےنظام پربات چیت کی گئی۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا نبی کریم ﷺپوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں، قانون کی حکمرانی،فلاح وبہبود،علم کے حصول پرغیر متزلزل توجہ ہونی چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلمان رسول ﷺکی زندگی اور تعلیمات کو پوری طرح سمجھیں، اتھارٹی کا مقصد باہمی تحقیق کے ذریعے سنت،سیرت النبیﷺ کو سمجھنا ہے اور نوجوانوں کو اسلامی تشخص،اقدار ،ثقافت سے متعلق آگاہی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں پر سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے اثرات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا رحمت للعالمین اتھارٹی اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے دنیا بھر کے اسکالرز سے رابطہ کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران سفیروں کے خیالات بھی سنے اور اسلامی ممالک کے درمیان علما اور اکیڈمی کے تعلقات پربھی زوردیا
اسلامی ممالک کےسفیروں نےاتھارٹی کےقیام اور وزیر اعظم کے اقدام کو سراہتے ہوئے امت مسلمہ کے مقاصد کیلئے وزیراعظم کی حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔