تازہ ترین

‘کراچی کے شہریوں کا جدید ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے’

کراچی : وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں کا جدید ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے، سرکلر ریلوے میں جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے وزیراعظم کے دورہ کراچی پر بیان میں کہا ہے کہ حکومت کراچی کیلئےجدید الیکٹرک سرکلر ریلوے کا تحفہ دینے جا رہی ہے، منصوبے کے بنیادی ڈھانچے پر 20 ارب 70 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے میں جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی، کراچی کے شہریوں کا جدید ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گرین لائن بس سروس بھی چند دنوں میں شروع ہوجائے گی، یہ دونوں منصوبے کراچی کی عوام کے ہیں ، امید ہے ان منصوبوں کو بگاڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک بھی 30 ارب لاگت سے شروع کیا جارہا ہے جبکہ کےفور منصوبہ بھی وفاق کی زیر نگرانی مکمل کرائیں گے، سندھ حکومت کی کراچی کی خدمت کےدعووں کی حقیقت سب جان چکے ہیں۔

Comments