لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ایک وفد نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کی۔
جماعت اسلامی کے وفد کی چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر سالک حسین ایم این اے اور شافع حسین نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
اس موقع پر امیرسراج الحق اور وفد کے اراکین نے چوہدری شجاعت سے ان کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملکی کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ سیاست تو ہوتی رہتی ہے لیکن سیاست دان غریبوں کا خیال کریں، مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے، عوام کو مزید نہ آزمایا جائے، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے تمام جماعتیں ایک جامع پلان بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام کو بیدار کرنے کے لیے101دھرنوں کا پروگرام شروع کر رکھا ہے۔
پہلی بار صوبائی حکومت وفاق کیخلاف اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے خلاف احتجاجی مارچ کر رہی ہے، دیکھتے ہیں کون سا مارچ کس کے خلاف کامیاب ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ن لیگی رہنما شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی کیلئے تعاون کی درخواست کی تھی۔