ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے فلم ’عبیر گلال‘ کی مخالفت پر پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان کے دفاع میں آگئیں۔
فواد خان کی طویل عرصے بعد بالی وڈ میں واپسی ہو رہی ہے جہاں وہ بالی وڈ کی نامور اداکارہ وانی کپور کے ساتھ فلم ’عبیر گلال‘ میں نظر آئیں گے۔
لیکن فلم کا ٹیزر جاری ہوتے ہی ہندو انتہا پسند آگ بگولہ ہوگئے اور انہوں نے دھمکی دی ہے کہ وہ اسے بھارت میں ریلیز نہیں ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم! فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’ابیر گلال‘ کا ٹیزر ریلیز
مہاراشٹر نونرمان سینا کے چترپت ونگ کی سربراہ امیہ کھوپکر نے فلم بنانے والوں کو چیلنج کیا کہ وہ فلم کو مہاراشٹر میں ریلیز کر کے دکھائیں۔
View this post on Instagram
امیہ کھوپکر نے کہا کہ ہم اس فلم، پاکستانی فنکاروں اور ان کی فلموں کے خلاف احتجاج کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، یہاں کسی پاکستانی فنکار کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’عبیر گلال‘ کو یہاں ریلیز کرنے کی ضرورت نہیں، میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اسے ریلیز کرنے کی ہمت دکھائیں، میں آپ کو چیلنج کرتا ہوں۔
اس حوالے سے امیشا پٹیل کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں پہلے سے فواد خان کو پسند کرتی ہوں، ہم ہر اداکار اور موسیقار کو خوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ یہ ہندوستان کی ثقافت ہے، اس لیے فن آرٹ ہے، دنیا بھر میں فنکاروں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے چاہے وہ کسی بھی شعبے سے ہوں۔
اس سے قبل انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن (IFTDA) کے صدر اشوک پنڈت نے فواد خان کی کاسٹنگ کی شدید مخالفت کی تھی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ ہمارے قومی مفادات کے حوالے سے بے حسی کا معاملہ ہے یہ فیصلہ صورتحال کی سنگینی کو نظر انداز کرنے کی عکاسی کرتا ہے، کچھ لوگوں کا خیال ہے وہ اس طرح کے معاملات سے بالاتر ہیں، گویا یہ مسائل ان پر اثرانداز نہیں ہوتے۔
’انڈین اسٹوریز لمیٹڈ‘ اور ’اے رچر لینس انٹرٹینمنٹ‘ کی ‘آرجے پکچرز‘ کے ساتھ تیار کردہ یہ فلم 9 مئی 2025 کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔
’عبیر گلال‘ کی ہدایت کاری آرتی ایس بگدی نے کی ہے جبکہ اس میں ریدھی ڈوگرا بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گی۔