سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے رکن قومی اسمبلی نواب زادہ میر عامر خان مگسی اور رکن صوبائی اسمبلی میر نادر مگسی کو ریڈار پر لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک رکن قومی اسمبلی اور ایک رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور 2008 سے 2013 تک قمبر شہداد کوٹ کی ترقیاتی اسکیموں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ میر نادر مگسی نے قمبر شہداد کوٹ کے منصوبوں کے 2 ارب روپے جھل مگسی منتقل کرائے، اور 2 ارب کے ترقیاتی منصوبے من پسند ٹھیکے داروں کو دیےگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ 2010 میں سیلاب سے تباہ سڑکوں کے ٹھیکے بلاول شیخ و دیگر کو دیے گئے، نیب نے ڈی سی قمبر شہداد کوٹ سے 2008 سے 2013 تک کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے، نیب نے استفسار کیا ہے کہ 2008 سے 2013 تک مزید 850 ملین روپے شہر کے لیے آئے وہ کہاں گئے؟
نیب نے نوٹس جاری کیا ہے کہ 29 اپریل کو ڈی سی قمبر شہداد کوٹ یا ان کا کوئی نمائندہ ریکارڈ سمیت حاضر ہو، اور ٹھیکے داروں کو دیے گئے ٹھیکوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
نیب نے پوچھا ہے کہ قمبر شہداد کوٹ کا 2 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ جھل مگسی کیسے منتقل ہوا، اربوں روپے کا ترقیاتی فنڈ کہاں استعمال ہوا، اس سب کی تفصیل فراہم کی جائے، نیب سکھر نے عامر مگسی اور نادر مگسی کی اسکیموں کی فہرست بھی طلب کی ہے۔