امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور حکام نے ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں گزشتہ روز لگنے والی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب تک 4 ہزار ایکڑ (16 مربع کلومیٹر سے زائد) رقبہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،
رپورٹ کے مطابق اس آگ نے قریبی شہر ملیبو کے درجنوں مکانات کو بھی خاکستر کر دیا ہے جس کے بعد متعلقہ حکام نے وہاں کے رہائشی 6 ہزار سے زائد افراد کو انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
آتشزدگی کے باعث پیپرڈائن یونیورسٹی کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں اور ہوسٹل کے طلبہ کو بھی گھر جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ 1500 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم جنگل میں آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ لگی تھی جس نے ساڑھے تین لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے کو خاکستر کر دیا تھا۔
اس آگ کو امریکا کی تاریخ کی جنگلات میں لگنے والی سب سے بڑی آگ قرار دیا گیا تھا۔