اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر خورشید شاہ نے ایٹمی اثاثوں سے متعلق امریکی صدر جوبائیڈن کے خدشات کو مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 ارب مسلمانوں کی دنیا میں پاکستان واحد اسلامی ایٹمی ریاست ہے، امریکی صدر کا پاکستان کے خلاف ایسی بات کرنا دراصل مسلمانوں پر عدم اعتماد ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ترین ایٹمی طاقت ہے، کبھی اپنے اثاثوں کا غلط استعمال نہیں کیا، جوہری طاقت ہونے کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ صبر و تحمل سے گزارا کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کرتے ہوئے چین سے متعلق سوال پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب ہے اور وہ دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے۔