نیویارک : امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری نے معمولات زندگی درہم برہم کردیا، کنساس، شکاگو، میزوری میں برفانی ہواؤں سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں دس روز قبل شروع ہونے والی موسم کی پہلی برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا ، اب تک برفباری سے ہونے والے حادثات میں سات افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ نیویارک میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
شدید برفباری سے سڑکوں، گھروں اور درختوں نے برف کی چادر اوڑھ لی اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کنساس، شکاگو، میزوری سمیت مختلف علاقوں میں برفانی ہواؤں نے سردی میں مزید اضافہ کیا ہے۔
موسم کی سختی کے باعث بارہ سو پروازیں منسوخ ہوگئیں جس ہزاروں مسافر ایئر پورٹ پر ہی پھنس گئے، برفباری اوربارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوئی جبکہ سڑکوں اورفٹ پاتھ سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری رہا۔
امریکی محکمہ موسمیات نے آج بھی تیز اور یخ بستہ ہوائیں چلنے کے علاوہ شمالی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
علاوہ ازیں عرب کے صحرا میں بھی برسات کا موسم ہے، شارجہ سمیت یو اے ای کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، برسات کی شدت کے باعث تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے۔
حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کردی۔