واشنگٹن : کیلی فورنیا میں سیاہ فام شخص نے فائرنگ کرکے تین سفید فام امریکیوں کی جان لے لی، ملزم اس سے قبل بھی ایک سیکورٹی گارڈ کے قتل میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں نفرت پر مبنی واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اب کی بارتین معصوم سفید فام امریکی اس نفرت کا نشانہ بنے۔ کیلیفورنیا میں ایک سیاہ فام شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے تین سفید فام راہ گیروں کو قتل کردیا۔
کیلی فورنیا پولیس کے مطابق کوری علی محمد نامی شخص 90 سیکنڈز تک سڑک پر کھڑے ہوکر سفید فام امریکیوں پر اندھا دھند فائرنگ کرتا رہا جس کے بعد اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ نفرت پر مبنی ہے، کوری علی محمد افریقی امریکی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر اس نے ٹرمپ حکومت مخالف خیالات کے ساتھ سفید فام امریکیوں کے لیے نفرت کا اظہار بھی کیا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ علی محمد نے معصوم شہریوں پر فائرنگ کرتے ہوئے اپنی گن کو کئی بار ری لوڈ کیا اور صرف سفید فاموں کو نشانہ بناتا رہا۔
علی محمد اس واقعہ سے قبل ایک سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں بھی پولیس کو مطلوب تھا جبکہ نفسیاتی مسائل کے حوالے سے کئی بار اپنا علاج بھی کرا چکا ہے۔