راولپنڈی : کمانڈر امریکی سینٹرل کمانڈ جنرل جوزف ووٹل کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمانڈر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد کل پاکستان پہنچا تھا اور آرمی چیف قمر باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی جس کے دوران دو طرفہ پیشہ ورانہ امور اور سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج سربراہ سینٹرل کمانڈر نے اپنے وفد کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں پاک فوج کے مقامی کمانڈر نے وفد کو پاک افغان بارڈر کی سیکیورٹی کی صورت حال اور میکنزم کے بارے میں آگاہ کیا اوروفد کو دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی کمانڈر کی آرمی چیف قمر باجوہ سے ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے کمانڈر نے امریکی وفد کو علاقے کے متاثرین کی واپسی اوربحالی سمیت علاقے میں پاک فوج کی جانب سے کرائے گئے ترقیاتی کاموں کا بھی دورہ کرایا اور قبائلی عمائدین سے ملاقات بھی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امن عامہ کی بحالی کیلئے پاک فوج اور قبائلیوں کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
دریں اثناء امریکی وفد نے اے پی ایس میرانشاہ کا بھی دورہ کیا اور طلبہ سے بات چیت کی جب کہ وفد نے پاک افغان بارڈر کی سیکیورٹی کیلئے کوآرڈینیشن کی اہمیت پر بھی زور دیا اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر اور لیفٹیننٹ جنرل نذیربٹ بھی وفد کےہمراہ موجود تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔