امریکی شہری نے اپنے ہی سیکیورٹی اداروں اور فوج کو چونا لگا دیا جس کو خراب آلات فروخت کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ جیفری میننگ جو بُلیٹ پروف آئی ٹی کے نام سے بیلسٹک آلات کا کاروبار کرتا ہے اور ریاستی، مقامی اور وفاقی سیکیورٹی ایجنسیوں کو آلات فروخت کرتا ہے۔
امریکی اٹارنی کے دفتر سے جاری ہونے والی خبر کے مطابق جیفری میننگ نے فوج، فائر ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں میں ہیلمٹ، باڈی آرمر اور شیلڈز سمیت متعدد فوجی ساز وسامان فروخت کیا تھا۔
جیفری میننگ نے خریداروں کو یہ امریکی سامان کہہ کر فروخت کیا تھا جب کہ حقیقت میں یہ سامان چین سے درآمد کیا گیا تھا اور معیار بھی ناقص تھا۔
رپورٹ کے مطابق جیفری نے 2017 میں ایک چینی کمپنی سے 600 سیکورٹی ہیلمٹ 50,000 ڈالر میں خریدے اور انہیں 90,000 ڈالر میں دوسرے کلائینٹ کو بیچا جس نے امریکی محکمہ خارجہ کو 107,994 ڈالرز میں فروخت کر دیا۔
مذکورہ شخص نے آلات کی حفاظتی جانچ کے بارے میں بھی جھوٹ بولا اور دعویٰ کیا کہ ان کی مصنوعات حفاظتی معیارات پر پورا اترتی ہیں اور سودا پورا کرنے کیلیے آلات کی ٹیسٹنگ رپورٹس کو بھی تبدیل کیا۔
امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن کے خصوصی ایجنٹ رابرٹ ہیمر نے بتایا کہ دھوکا دہی کے ساتھ جیفری میننگ نے نہ صرف سیکورٹی اداروں کو بلکہ قوم کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے۔