بدھ, مارچ 19, 2025
اشتہار

پاک امریکہ کاروباری تعلقات کی بہتری اوّلین ترجیح ہے، امریکی قونصل جنرل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات میں مزید بہتری اوّلین ترجیح ہے، پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، ان کے ساتھ سفارت خانے کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر انہوں نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک اور پی آئی اے ٹیم سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے امریکن سفارت کاروں سے پی آئی اے کی نیویارک، شکاگو اور ہیوسٹن براہ راست پروازوں کی اجازت کے حصول کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لئے روانہ ہونے والی پروازیں اگر کسی اور ملک کے ذریعے آپریٹ کی جائیں تو یہ پروازیں ائر لائن کے لئے منافع بخش نہیں رہتیں، انہوں نے امریکی وفد کو پی آئی اے کے لئے نئے طیاروں کی خریداری کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ارشد ملک نے کہا کہ حال ہی میں ملک میں سیکورٹی کی صورت حال میں غیر معمولی بہتری آئی ہے جس پر دیگر ممالک اور بالخصوص غیر ملکی سیکورٹی ایجنسی جن میں یورپ اور کینیڈا شامل ہیں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیاہے،انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں ایاٹا آپریشن سیفٹی آڈٹ میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔

ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ کے افتتاح سے سیکورٹی کے معاملات کو حل کر لیا گیا ہے اور برٹش ائر ویز اور دوسری ائر لائن کی پروازوں کا آغاز اس کا ثبوت ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی میں تمام ائر لائنوں کو برابری کی سطح پر مواقع حاصل ہوں گے۔

امریکن قونصل جنرل محترمہ ویگنر نے  اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ پی آئی اے کو براہ راست پروازوں کی اجازت کے لئے متعلقہ شعبہ سے رابطوں میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا وہ دونوں ملکوں کے درمیان مزید بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں خاص طور پر کاروباری شعبہ میں تعلقات کو فروغ دینا ان کی ترجیح ہے، دونوں ملکوں میں اس شعبہ میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے پی آئی اے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ائر لائن کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کئے۔ انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

بعد ازاں ائیر مارشل ارشد ملک نے امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر کو پی آئی اے کا سوینیئر پیش کیا۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں