جمیعت علمائے اسلام ف کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی متعدد کمپنیوں پر امریکی پابندیاں منافقانہ پالیسی ہے۔
حالیہ امریکی اقدامات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان اسلم غوری کا کہنا تھا کہ امریکا دوستی کی آڑ میں چھپا دشمن ہے، امریکا کی جانب سے پابندیاں منافقانہ پالیسی ہے، پابندیاں پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش ہیں، تضادات کا ثبوت ہیں،
جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری نے مزید کہا کہ امریکی پابندیاں خطے میں اپنی ظالمانہ بالادستی کے لیے ہیں۔
ان کا حالیہ امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپنے دفاع کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے، قوم متحد ہوکر امریکی جبر کا مقابلہ کرے گی۔
امریکی پابندی پر پاکستان کا ردعمل آگیا
خیال رہے کہ امریکا نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں تعاون کرنے والی چار کمپنیوں پر پابندی لگادی ہے، جن پر بیلسٹک میزائل پروگرام میں مبینہ تعاون کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
غزہ پر حملوں کیلئے اسرائیل کو 3 ارب ڈالر کے ہتھیار فراہم کرنے والا امریکا ہتھیاروں کے مبینہ پھیلاؤ پر ہلکان ہوا جارہا ہے، امریکا نے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مبینہ تعاون کرنے پر4 کمپنیوں پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا ان پابندیوں کیلئے پاکستان کے 4 اداروں کو نامزد کر رہا ہے۔