منگل, مئی 28, 2024
اشتہار

امریکا کا رفح پر اسرائیلی حملے کی حمایت کرنے سے انکار

اشتہار

حیرت انگیز

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا رفح میں اسرائیلی فوج کے زمینی حملےکی  حمایت نہیں کرے گا۔

پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کی جانب سے جنگ بندی کیلئے قبول تجویز کا جائزہ لے رہا ہے اور امریکا بھی جنگ بندی تجویز پر حماس کے ردعمل کا جائزہ لے رہا ہے۔

میتھیوملر نے کہا کہ خطے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ  بات چیت کر رہے ہیں، جنگ بندی معاہدہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے بہترین مفاد میں ہے معاہدہ غزہ میں  فوری جنگ بندی لائے گا اور غزہ میں انسانی امداد کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو گا، اسرائیلیوں اور فلسطینیوں میں معاہدے تک پہنچنے کیلئےکام جاری رکھیں گے۔

- Advertisement -

سعودی عرب

سعودی عرب نے رفح پر اسرائیل کے حملے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے جنوبی غزہ شہر پر حملے کے "خطرات” سے خبردار کرتے ہوئے اسے غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں پر حملہ کرنے اور وہاں کے مکینوں کو بےگھر کرنے کی اسرائیل کی "خونی، منظم مہم” کا حصہ قرار دیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے شہر پر فوجی حملے کے خدشات بڑھنے کے بعد ہزاروں افراد مشرقی رفح سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔

مصر

مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ "تحمل کا مظاہرہ” کرے اور اس "انتہائی حساس وقت” میں مزید کشیدگی سے گریز کرے کیونکہ جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے۔

مصری بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح پر اسرائیلی حملہ "انتہائی انسانی خطرات پیدا کرے گا جس سے اس علاقے میں دس لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو خطرہ ہے”۔

اردن

اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ فلسطینیوں کا ایک اور قتل عام ہو رہا ہے، قتل عام کو روکنے میں ناکامی بین الاقوامی برادری پر بدنما داغ ہوگا۔

یورپی یونین

یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے رفح میں شہریوں کے انخلاء کے احکامات بدترین، مزید جنگ اور قحط کی نشاندہی کرتے ہیں، یہ ناقابل قبول ہے اسرائیل کو زمینی کارروائی سے دستبردار ہونا چاہیے۔

فرانس

اسرائیل میں فرانسیسی سفارت خانے نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر ایمانوئل میکرون نے اتوار کو نیتن یاہو سے فون پر بات کی۔ سفارتخانے نے کہا کہ میکرون نے رفح پر اسرائیلی حملے کے خلاف اپنی سخت مخالفت کا اعادہ کیا اور غزہ کی پٹی تک رسائی کے تمام راستوں کے ذریعے انسانی امداد کے بڑے پیمانے پر داخلے کو یقینی بنانے کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا۔

فرانسیسی وزارت برائے یورپ اور خارجہ امور نے کہا کہ ملک یہ بھی یاد کرتا ہے کہ شہری آبادی کی جبری نقل مکانی بین الاقوامی قانون کے تحت ایک جنگی جرم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں