ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان ممبئی کے مضافات میں کپڑوں پر ہاتھ سے کاریگری کرنے والوں کی دکان پر جا پہنچے۔ انہیں وہاں کپڑوں پر کیا جانے والا کام اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اسے مہنگے داموں خرید کر اپنے ساتھ موجود کرینہ کپور کو تحفتاً دے دیا۔ انہوں نے وہاں بیٹھ کر اپنے ہاتھ سے کپڑا بھی کاڑھا۔
عامر خان اپنی فلموں کے ساتھ ساتھ زندگی میں بھی نئے نئے تجربات کرنے کے شوقین ہیں اور یہی شوق انہیں ممبئی کے مضافات میں زری کا کام کرنے والوں کی دکان پر لے گیا۔ ان کے ساتھ اداکارہ کرینہ کپور بھی موجود تھیں۔ دکان پر کام کرنے والے افراد دونوں اداکاروں کو اپنے درمیان پاکر نہایت خوش ہوئے۔
عامر خان ’سلطان‘ دیکھ کر رو پڑے *
بات چیت کے دوران محنت کشوں نے بتایا کہ ایک کپڑے کا صرف ڈیزائن بنانے میں انہیں 15 دن لگتے ہیں۔ اس کے بعد کئی دنوں اور راتوں کی محنت کے بعد وہ ایک کپڑا بناتے ہیں جس کی قیمت انہیں تقریباً 6 ہزار روپے ملتی ہے۔ البتہ مارکیٹ میں یہی کپڑا 20 سے 25 ہزار روپے میں بیچا جائے گا۔
عامر خان ہاتھ سے کیا جانے والا زری کا کام دیکھ کر نہایت متاثر ہوئے اور انہوں نے فوراً چند ملبوسات خریدنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ایک ساڑھی خرید کر کرینہ کپور کو تحفتاً دی جبکہ ایک اور لباس اپنی اہلیہ کرن راؤ کے لیے بھی خریدا۔
انہوں نے اس کی قیمت محنت کشوں کی اجرت جتنی نہیں بلکہ بازار میں بکنے والی قیمت کے برابر ادا کی۔
منفرد کام کرنے کے شوقین عامر خان اس کے بعد کھڈی پر جا بیٹھے اور انہوں نے سارے عمل کا جائزہ لینے کے بعد خود بھی زری کا کام کیا۔ یہی نہیں انہوں نے کرینہ کو بھی یہ کام سکھایا۔ ناتجربہ کاری کے باعث کپڑے کی خرابی کو عامر نے جوں کا توں رکھنے کی فرمائش کی۔
کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں چھوٹے نواب کی آمد متوقع *
انہوں نے محنت کشوں سے کہا کہ وہ اس کپڑے کے پلو پر ان کا اور کرینہ کا نام کاڑھیں جس کے بعد اسے نیلام کیا جائے۔
چونکہ اس کپڑے کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں نظر آنے والا ’نقص‘ عامر خان اور کرینہ کپور کا بنایا ہوا ہے چنانچہ لوگ اس کی نیلامی میں دلچسپی لیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم ان محنت کشوں کو دی جائے گی۔